حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آستان قدس رضوی کی علمی و ثقافتی آرگنائزیشن کے شعبہ بین الاقوامی امور کے رابطہ انچارج جناب حسن غلامپور نے اس تربیتی کورس کی اختتامی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی کورس جو کہ ایّام سوگ اور عزاداری میں تھا اس میں کوشش کی گئی کہ تربیتی کورس میں شرکت کرنے والے افراد حضرت ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام کے مکتب اور تعلیمات سے زیادہ سے زیادہ آشنا ہو سکیں۔
جناب غلامپور نے بتایا کہ اسلامی تعلیمات کے ساتھ جوانوں کی عقیدتی فکر کومضبوط بنانا،قرآن کریم میں تدبر اور رضوی تعلیمات کا فروغ جملہ اس تربیتی کورس کے اہداف و مقاصد تھے۔
آستان قدس رضوی کی علمی و ثقافتی آرگنائزیشن کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید محمد ذوالفقاری نے بھی اس اختتامی تقریب میں شرکت فرمائی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ آرگنائزیشن ثقافتی سفارت کاری کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہونے اور حضرت امام علی رضا (ع) کے نام اور تعلیمات کو فروغ دینے کے مقصد سے اس طرح کے تربیتی کورسز منعقد کرتی ہے جن میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے چاہنے والے شرکت فرما سکتے ہیں ،اب تک ان تربیتی کورسزز کے نو دورے منعقد کئے جا چکے ہیں جن میں مختلف ممالک جیسے شام، عراق، پاکستان، ترکی اور افغانستان کے ثقافتی شعبوں میں فعال افراد نے شرکت فرمائی ہے ۔
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ان تربیتی کورسزز میں ایک ہفتہ تک مختلف ممالک کے طلباء کے لئے ورکشاپس کا انعقاد کیا جا تا ہے جن میں طلباء رضوی تعلیمات ،احادیث اور امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی سیرت سے آشنا ہوتے ہیں، اس کے علاوہ مختلف علمی مراکز کا وزٹ بالخصوص علوم اسلامی رضوی یونیورسٹی اور امام رضا(ع) بین الاقوامی یونیورسٹی کا وزٹ بھی کرایا جاتا ہے ۔